Complete
Fatima Rasool
Tehreer: Ek jhamaka, Ek inkishaf (Flash fiction)
Writer: Fatima Rasool
Instagram: @fatimarasool_5828
status: complete
“ایک جھماکا، ایک انکشاف“
(فلیش فکشن)
فاطمہ رسول
“ٹھاہ!” اونچی گرج دار آواز سماعتوں سے ٹکرائی تو اس نے سختی سے آنکھیں میچ لیں۔
وہ نیند میں تھی، پوری رات ٹھیک سے سوئی نہیں تھی اور اب یہ شور، حد ہے۔۔
سوچوں کے سلسلے کو دوبارہ “ٹھاہ” کی آواز نے توڑا، دل دہلا دینے والی آواز۔۔ اس نے جھلا کر آنکھیں کھول لیں۔
آنکھیں کھولنے کے باوجود اسے روشنی نہ دکھی۔ اسے غصہ آ رہا تھا۔
“بابا!” لو جی! ہو گئے لاڈلی کے نخڑے شروع۔۔ اس نے آواز دی، مگر آواز فضا میں تحلیل ہوتی گئی۔ کوئی جواب نہ آیا۔
اندھیرے کو چیڑتی روشنی کی ایک کرن جانے کس سوراخ سے گزر کر اس تخ پہنچ رہی تھی، اسے دلاسہ دے رہی تھی، اسے اب اپنا سانس رکتا محسوس ہوا۔
رات کو کیا ہوا تھا؟
اسے کچھ یاد کیوں نہیں آ رہا تھا۔۔
“بابا!” اس نے اٹھنے کی کوشش کی تو اسے محسوس ہوا کہ اس پر کچھ بھاری گرا ہوا ہے، وہ ہل نہیں پائی۔
یہ سب اتنا غیر معمولی کیوں ہے؟ اس نے سوچا تھا۔
اس کا چہرہ تر تھا، اس کے آنسوؤں سے اور، اس نے ذرا غور کیا تو اس نے اپنے گردونواح کے رنگ کو سرخ پایا۔
اور اسی وقت ایک جھماکا ہوا تھا۔
یہ سب، یہ سب غیر معمولی نہیں تھا!
یہ سب تو روزمرہ کا کام تھا۔
ایک ایسی صبح جو آپ کے اپنوں کو اپ سے چھین کر آئے، ایک ایسا دن جو خون میں رنگا ہو۔۔ یہی تو ان کا نصیب تھا۔
سانس تھمتا گیا، اور اشک تواتر سے بہنے لگے۔
ایک جھماکا ہوا تھا اور اسے یاد آ گیا تھا کہ وہ تو فلسطینی ہے! یہ ظلم اور جدائی تو اس کے لیے عام ہے۔
●●●●●
(تمت بالخیر)